بریکنگ نیوز
بین الاقوامی

یوٹیوب پر اب صرف سرچ نہیں، سوال جواب بھی ہوگا؛ گوگل نے نیا اے آئی فیچر متعارف کرا دیا

Aljazeera News 21 مئی 2026 3
یوٹیوب پر اب صرف سرچ نہیں، سوال جواب بھی ہوگا؛ گوگل نے نیا اے آئی فیچر متعارف کرا دیا - الجزیرہ نیوز
گوگل نے اپنی مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دیتے ہوئے یوٹیوب کے لیے بھی ایک نیا اے آئی سرچ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب صرف روایتی سرچ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ تفصیلی سوالات پوچھ کر زیادہ جامع اور متعلقہ نتائج حاصل کرسکیں گے۔’’آسک یوٹیوب‘‘ نامی اس نئے فیچر کے تحت صارفین کسی بھی موضوع پر پیچیدہ سوالات تحریر کرسکیں گے، جس کے جواب میں یوٹیوب نہ صرف متعلقہ ویڈیوز تجویز کرے گا بلکہ ٹیکسٹ سمری اور اضافی معلومات بھی فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ صارفین فالو اپ سوالات بھی پوچھ سکیں گے، بالکل ایسے جیسے کسی اے آئی چیٹ بوٹ سے گفتگو کی جاتی ہے۔اس فیچر کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ صارف کو پوری ویڈیو دیکھنے کے بجائے براہِ راست اُس مخصوص حصے تک لے جائے گا جہاں مطلوبہ معلومات موجود ہوں گی۔ یعنی اگر کوئی صارف کسی ٹریول وی لاگ میں صرف ایک خاص مقام یا ٹِپ جاننا چاہتا ہے تو اے آئی اسے سیدھا اسی لمحے تک پہنچا دے گا۔گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے کمپنی کی سالانہ ڈیولپر کانفرنس کے دوران اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’آسک یوٹیوب‘‘ معلومات حاصل کرنے کے انداز کو مزید آسان اور مؤثر بنا دے گا۔ ان کے مطابق گوگل مسلسل اپنی مختلف سروسز میں اے آئی ٹیکنالوجی کو شامل کر رہا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ اسمارٹ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔فی الحال یہ فیچر امریکا میں یوٹیوب پریمیئم استعمال کرنے والے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے، تاہم گوگل نے عندیہ دیا ہے کہ جلد اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔کمپنی کے مطابق صارفین کو یہ فیچر خود اپنے اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر فعال کرنا ہوگا۔ اس کے بعد سرچ بار میں ’Ask YouTube‘ کا نیا بٹن ظاہر ہوگا، جہاں مختلف سوالات کی تجاویز بھی دی جائیں گی جبکہ صارف اپنی مرضی کا سوال بھی لکھ سکے گا۔مثال کے طور پر اگر کوئی صارف کسی شہر کے روڈ ٹرپ، بہترین کھانوں یا سیاحتی مقامات سے متعلق سوال پوچھے گا تو اے آئی نہ صرف ویڈیوز دکھائے گا بلکہ مختصر معلوماتی سمری بھی فراہم کرے گا، جس کے بعد مزید سوالات بھی پوچھے جا سکیں گے۔ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ فیچر یوٹیوب سرچ کے روایتی انداز کو مکمل طور پر بدل سکتا ہے کیونکہ اب صارفین کو مطلوبہ معلومات کے لیے لمبی ویڈیوز میں وقت ضائع نہیں کرنا پڑے گا بلکہ اے آئی خود اہم حصے تلاش کرکے سامنے لے آئے گا۔
Aljazeera News مزید خبریں →