پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو بھارت میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ اور آئی پی ایل فائنل کا باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس رواں ماہ دو مراحل میں منعقد ہوں گے۔ پہلا اجلاس چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا 21 مئی کو آن لائن ہوگا جبکہ بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارت کے شہر احمد آباد میں منعقد کی جائے گی۔اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا، جہاں موجودہ نظام کے تحت ہر سیریز میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو بھی اس چیمپئن شپ میں شامل کرنے کی تجویز زیرِ غور آئے گی۔بورڈ میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی چیئرمین محسن نقوی کریں گے تاہم ان کی بھارت روانگی سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم کی منظوری سے مشروط ہوگا۔